2

واشنگٹن (گدروشیا پوائنٹ) امریکی فضائیہ کے کلاؤڈ کمپیوٹنگ سسٹم پر نامعلوم ہیکرز کا کامیاب سائبر حملہ، حساس ڈیٹا کی سکیورٹی کے حوالے سے تشویش میں اضافہ

واشنگٹن (گدروشیا پوائنٹ) عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی فضائیہ کے کلاؤڈ کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر پر ایک کامیاب سائبر حملے کا انکشاف ہوا ہے۔ دفاعی اور تکنیکی ماہرین کے مطابق، یہ سکیورٹی خلاف ورزی ڈیجیٹل دفاعی نظام کے لیے ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آئی ہے، جس سے اہم ترین عسکری و تکنیکی معلومات کے تحفظ پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس خطرناک سائبر حملے کا انکشاف گزشتہ ایک ماہ کے دوران سسٹم کی اپ گریڈنگ اور معمول کی جانچ پڑتال کے عمل کے دوران ہوا۔ ماہرین کی ٹیمیں اس بات کا تخمینہ لگانے میں مصروف ہیں کہ ہیکرز کس حد تک سسٹم میں گھسنے میں کامیاب رہے اور آیا کوئی خفیہ یا حساس ڈیٹا چرایا گیا ہے یا نہیں۔

امریکہ کے دفاعی اداروں کی جانب سے اس سکیورٹی بریک کے بعد سائبر سکیورٹی کے ضوابط کو مزید سخت کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تہہ تک پہنچنے اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عالمی سطح پر دفاعی تنصیبات کو ہیک کیے جانے کے ان واقعات نے ڈیجیٹل جنگ کے خطرات کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں