1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): اپر کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم مسلسل تیسرے روز بھی ٹریفک کیلئے بند

اپر کوہستان میں شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم مسلسل تیسرے روز بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ شاہراہ پر تودے گرنے کا سلسلہ جاری رہنے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مواصلاتی رابطے منقطع ہونے سے علاقے میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔

انتظامیہ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے حکام کا کہنا ہے کہ پہاڑی تودے گرنے کا عمل تاحال جاری ہے، جس کے باعث سڑک کی بحالی کے لیے بھاری مشینری کو استعمال کرنے میں شدید خطرات درپیش ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جب تک موسم کی صورتحال بہتر نہیں ہوتی اور لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ نہیں رکتا، تب تک بحالی کا کام مکمل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

دوسری جانب، شاہراہ بند ہونے سے گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، جس کے باعث اشیائے خوردونوش اور ایندھن کی ترسیل میں تعطل پیدا ہو گیا ہے۔ مسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں