وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں ‘ہونہار اسکالر شپ پروگرام’ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ دور حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے سے قبل صوبہ پنجاب کو جادو ٹونوں اور مؤکلوں کے ذریعے چلایا جا رہا تھا، تاہم اب ان کی حکومت صوبے کو جدید اور شفاف خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
تقریب کے دوران طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہونہار اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ کی فراہمی طلبہ پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں پر کی جانے والی سرمایہ کاری ہی ملک کے روشن مستقبل کی واحد ضمانت ہے، کیونکہ تعلیم کے بغیر کسی بھی قوم کی ترقی ممکن نہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ انہیں وزارتِ اعلیٰ سنبھالے ایک ہزار دن مکمل ہو چکے ہیں، جس کے دوران راولپنڈی سمیت پورے پنجاب میں نمایاں ترقیاتی کام کیے گئے ہیں۔ انہوں نے والدین کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کامیابی دراصل ان کے والدین کی محنت کا ثمر ہے، اور حکومت مستحق طلبہ کو میرٹ پر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے۔










