6

ایک گھر سے دوسرے گھر تک، مگر اپنا کوئی گھر نہیں تحریر :مدیحہ بلوچ

ایک گھر سے دوسرے گھر تک، مگر اپنا کوئی گھر نہیں

تحریر :مدیحہ بلوچ

’’ابا! میں کہاں جاؤں؟‘‘ سات بچوں کی ماں کی درد بھری فریاد، جب باپ کے گھر کے دروازے بھی اس پر بند ہوگئے
’’ابا! میں کہاں جاؤں؟‘‘
یہ الفاظ ایک ایسی ماں کے ہیں جو زندگی کی سختیوں، گھریلو تشدد اور مسلسل محرومیوں سے تنگ آکر اپنے والد کے در پر سر چھپانے کی امید لے کر پہنچی تھی۔ وہ اپنے لیے کوئی آسائش نہیں، صرف رہنے کے لیے ایک چھوٹی سی جگہ مانگ رہی تھی، جہاں وہ اپنے بچوں کے ساتھ عزت اور سکون سے زندگی گزار سکے۔ مگر افسوس کہ اسے اپنے ہی باپ کے گھر میں پناہ نہ مل سکی۔
کراچی کے ایک گنجان آباد علاقے سے تعلق رکھنے والی اس خاتون کی کہانی ہمارے معاشرے میں عورت کی بے بسی، کم عمری کی شادی، گھریلو تشدد، معاشی محرومی اور خاندانی بے حسی کی ایک تلخ تصویر پیش کرتی ہے۔
کم عمری کی شادی اور زندگی کا پہلا بڑا صدمہ
آمنہ اپنی کہانی بیان کرتے ہوئے کہتی ہے:
’’میں ایک غریب گھرانے کی عام سی لڑکی ہوں جو غربت کی وجہ سے زندگی کے تمام آسائیشوں سے محروم رہی ہوں، جبکہ اسکول کبھی زندگی میں نہیں دیکھا، جیسے ہی بلوغت کی عمر میں پہنچی تو والدین نے میری شادی کرادی۔۔۔۔۔ شادی کے بعد میرے 2 بچے پیدا ہوئے۔۔میرا شوہر جرائم پیشہ تھا۔۔۔ دوسرے جرائم پیشہ لوگوں سے ذاتی لڑائی پر قتل ہوا۔۔۔۔ سسرال والے ظلم کرتے، کھانا بھی نہیں دیتے۔۔۔ بیوہ ہونا میری غلطی تو نہیں تھی نا۔۔۔۔۔ پھر ساس نے مجھ سے جان چھڑانے کے لیے۔۔۔ میرا نکاح نشے کے عادی شخص سے کرادیا۔۔۔۔۔۔ مجھ سے میرے بچےبھی چھین لیے‘‘۔
آمنہ کی زندگی میں شوہر کا قتل ایک بڑے صدمے کی صورت میں سامنے آیا، لیکن بیوگی کے بعد اسے سسرال میں جس رویے کا سامنا کرنا پڑا، اس نے اس کی زندگی مزید مشکل بنا دی۔ ایک ایسی عورت جسے اس وقت ہمدردی، تحفظ اور سہارے کی ضرورت تھی، اسے مبینہ طور پر بھوک، بدسلوکی اور محرومی کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک گھر سے دوسرے گھر تک، مگر سکون کہیں نہ ملا
افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ آمنہ کے مطابق اس کے والدین ان تمام حالات سے واقف تھے، لیکن اس کے باوجود اسے وہ تحفظ اور سہارا نہ مل سکا جس کی اسے ضرورت تھی۔
جس عمر میں ایک بیٹی کو اپنے والدین کی رہنمائی اور سرپرستی کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے، اس وقت اسے زندگی کے ایک کڑے امتحان میں تنہا چھوڑ دیا گیا۔ پہلے شوہر کی وفات کے بعد سسرال کے مبینہ ظلم اور بچوں سے جدائی کے باعث اس کے پاس حالات سے نکلنے کے محدود راستے رہ گئے تھے۔ بالآخر وہ دوسرے شوہر کے گھر چلی گئی، لیکن وہاں بھی اس کے لیے مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئیں۔
آمنہ اپنے دوسرے شوہر کے گھر کے حالات بیان کرتے ہوئے کہتی ہے:
’’میرے دوسرے شوہر نشے کا عادی ہے، گھر میں ایسی کوئی سہولت نہیں ہے کہ جس سے کچھ سکون ملے۔۔۔۔ بس وہ اپنا سکون تسکین مجھ سے پورا کرتے پر دیگر ذمہ داریاں نہیں اٹھاتے، میں نے سوچا بچے ہوں گے تو وہ ذمہ دار ہوگا پر ہمارے 6 بچے ہیں، وہ مزید زیادہ نشہ کرنے لگا ہے، گھر میں راشن نہیں ہے اور میں اس سے راشن کے لیے پیسے نہیں مانگ سکتی۔۔۔ کیونکہ وہ غصے میں آ کے مجھ پر ہاتھ اٹھاتا ہے‘‘۔
یوں آمنہ ایک ایسے گھر میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئی جہاں نہ بنیادی ضروریات میسر تھیں، نہ بچوں کی کفالت کی ذمہ داری پوری کی جا رہی تھی اور نہ ہی اسے تشدد سے تحفظ حاصل تھا۔
جب باپ کا گھر بھی آخری سہارا نہ بن سکا
مسلسل مشکلات، بھوک، تشدد اور بچوں کی ذمہ داریوں نے بالآخر آمنہ کو اپنے والد کے گھر جانے پر مجبور کر دیا۔ وہ اس امید کے ساتھ والد کے پاس پہنچی کہ شاید اس بار اسے انکار کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس نے اپنے والد کے سامنے اپنے تمام مسائل رکھے اور خود محنت کرکے بچوں کی کفالت کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔
آمنہ نم آنکھوں سے بتاتی ہے:
’’کچھ دن پہلے ان حالات سے تنگ آ کر میں اپنے والد کے گھر گئی۔۔۔ میں نے اپنے والد کو اپنے تمام مسائل بتائے، میں نے ان سے کہا بھی تھا کہ میں خود کوئی چھوٹا سا کام کر کے بچوں کی کفالت کروں گی بس مجھے اپنے گھر میں تھوڑی سی جگہ دے دیں۔۔۔ میں آپ سے اور کچھ نہیں مانگوں گی‘‘۔
لیکن آمنہ کے مطابق، اس کی یہ آخری امید بھی پوری نہ ہوسکی۔
وہ کہتی ہے:
’’مجھے میرے والد نے گھر میں جگہ نہیں دی اور کہا کہ یہاں تمہارے رہنے کے لیے جگہ نہیں اور واپس اپنے شوہر کے گھر چلی جاؤ، میں نے منتیں بھی کیں پر وہ نامانے، میرے بھائیوں نے بھی میری مدد سے انکار کیا‘‘۔
یہ وہ لمحہ تھا جب آمنہ کے لیے اپنے ہی گھر کے دروازے بند ہوگئے۔ وہ باپ جس کے گھر کو وہ اپنا آخری سہارا سمجھ کر پہنچی تھی، اسی نے اسے واپس ایسے ماحول میں جانے کا کہہ دیا جہاں وہ خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتی۔
آخر ایک بیٹی جائے تو کہاں جائے؟
آمنہ کی کہانی محض ایک عورت کی ازدواجی زندگی کی مشکلات کا بیان نہیں، بلکہ یہ ہمارے معاشرے کے ان رویوں پر بھی سوال اٹھاتی ہے جہاں بیٹی کو تعلیم، خودمختاری اور معاشی تحفظ سے محروم رکھا جاتا ہے، اس کی کم عمری میں شادی کردی جاتی ہے اور پھر زندگی کے مشکل حالات میں اسے تنہا چھوڑ دیا جاتا ہے۔
یہاں سوال صرف یہ نہیں کہ آمنہ کو والد کے گھر میں جگہ کیوں نہیں ملی، بلکہ سوال یہ بھی ہے کہ کیا بیٹی کی ذمہ داری صرف اس کی شادی کر دینے سے پوری ہو جاتی ہے؟ کیا والدین اپنی بیٹی کو زندگی کے کسی بھی مشکل مرحلے میں تنہا چھوڑ سکتے ہیں؟ کیا ایک عورت کا بیوہ ہونا یا گھریلو تشدد کا شکار ہونا اس کی غلطی ہے؟
آمنہ کی کہانی میں وراثت اور جائیداد کے حق کا پہلو بھی اہم ہے، لیکن اس سے کہیں بڑا المیہ یہ ہے کہ وہ تعلیم، معاشی خودمختاری اور خاندانی تحفظ جیسے بنیادی سہاروں سے محروم رہی۔ اسے ایسے حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہونا پڑا جہاں اپنے فیصلے کرنے کی آزادی بھی محدود تھی۔
اولاد جب دنیا کی سختیوں سے تھک ہار جاتی ہے تو وہ دوڑ کر اپنے والدین کے پاس جاتی ہے، کیونکہ والدین ہی اس کے لیے آخری سہارا ہوتے ہیں۔ لیکن جب وہی والدین اپنی آغوش میں جگہ دینے سے صاف انکار کر دیں تو پھر وہ کہاں جائے؟
آمنہ کی نم آنکھوں سے نکلنے والا یہ سوال آج ہمارے پورے معاشرے سے ہے:
’’ابا! میں کہاں جاؤں؟‘‘

نوٹ:تحریر میں کردار کا نام فرضی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں