امریکی شہر فلاڈیلفیا میں ہالی وڈ کی مشہور زمانہ فلم ‘راکی’ کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک یادگار اور منفرد تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں 570 افراد نے مرکزی کردار ‘راکی بالبوا’ کا حلیہ اپنا کر شرکت کی، جس کے بعد گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے اسے ایک نیا عالمی ریکارڈ تسلیم کر لیا گیا ہے۔
شرکاء نے فلاڈیلفیا میوزیم آف آرٹ کی ان تاریخی سیڑھیوں پر جمع ہو کر اپنی عقیدت کا اظہار کیا جو فلم کے مشہور ترین مناظر کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس موقع پر شرکاء نے راکی کے مخصوص لباس، جس میں گرے رنگ کا ٹریک سوٹ اور باکسنگ گلوز شامل تھے، زیب تن کر رکھے تھے، جس سے پورا ماحول فلمی دنیا کی یادوں میں کھو گیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حکام نے تقریب کے بعد باضابطہ طور پر تصدیق کی کہ ایک ہی وقت میں اتنی بڑی تعداد میں ‘راکی’ کا روپ دھارنا ایک نیا عالمی اعزاز ہے۔ یہ تقریب نہ صرف فلمی شائقین کے لیے ایک جذباتی لمحہ تھی بلکہ اس نے فلاڈیلفیا کی ثقافتی اہمیت کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔










