1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): اختلافِ رائے کسی صورت جرم نہیں بلکہ یہ ایک بنیادی جمہوری حق ہے، شازیہ مری کا اہم بیان

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے واضح کیا ہے کہ جمہوریت میں اختلافِ رائے کو غداری یا جرم سمجھنے کے بجائے اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن اور اس کا ایک بنیادی و آئینی حق ہے، جس پر قدغن لگانے کی کوئی بھی کوشش جمہوری اقدار کے منافی ہے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ آئینِ پاکستان کی بالادستی، پارلیمنٹ کے تقدس اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لیے عملی جدوجہد کی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ ملکی حالات میں تمام سیاسی قوتوں کو ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی عدم استحکام جیسے سنجیدہ مسائل کا حل صرف اور صرف حقیقی جمہوریت اور آئین کی مکمل پاسداری میں ہی پوشیدہ ہے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ جمہوری روایات کو فروغ دیں اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں