بالی وڈ کے معروف سینئر اداکار شرد کپور نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے انکشاف کیا ہے کہ انہیں مالی معاونت کے نام پر تضحیک کا نشانہ بنایا گیا۔ اداکار نے بتایا کہ کچھ نامعلوم افراد نے ان کی مدد کرنے کے بہانے انہیں نقد رقم تھمائی اور اس عمل کی ویڈیو بنائی، تاہم کیمرہ بند ہوتے ہی وہ رقم واپس لے لی گئی۔
شرد کپور نے اس واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ لوگ کسی کی مجبوری کا اس طرح تماشہ کیوں بنا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا تاثر سراسر جھوٹ پر مبنی ہے، کیونکہ حقیقت میں انہیں کوئی مالی مدد فراہم نہیں کی گئی۔
اداکار کے مطابق، یہ عمل محض سوشل میڈیا پر ویوز حاصل کرنے اور جھوٹی شہرت کے لیے کیا گیا، جس نے ان کی خودداری کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ شرد کپور کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس رویے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے اور اسے انسانیت کی تذلیل قرار دیا جا رہا ہے۔










