امریکا اور وینزویلا نے باہمی فوجی تعاون کو فروغ دینے اور سرحدی سیکیورٹی کو مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے دورہ وینزویلا کے دوران دارالحکومت کراکس میں قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے دفاعی شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے بعد جاری کردہ بیان میں امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا وینزویلا کی مسلح افواج کی صلاحیتوں کو جدید بنانے اور محکمہ جنگ کے تجربات سے استفادہ کرنے میں بھرپور تعاون کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی تشکیل دینا ہے۔
وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی تعاون سے بولیویئن نیشنل آرمڈ فورسز کی تربیت، آپریشنل صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں نکولس مادورو کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سے خطے میں امریکی اثر و رسوخ اور وینزویلا کے ساتھ تعلقات میں ایک نئی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔










