1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): دہشت گردی اور نفرت انگیز تقاریر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں پائیدار ترقیاتی پالیسی انسٹی ٹیوٹ (SDPI) کے زیر اہتمام منعقدہ ایک بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر، تشدد پر اکسانا اور بچوں کا جنسی استحصال حکومت کی چار بنیادی ‘ریڈ لائنز’ ہیں جن پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ان سنگین جرائم کے تدارک کے لیے ریاستی پالیسیوں پر سختی سے عمل درآمد ناگزیر ہے۔

محسن نقوی نے سوشل میڈیا کے منفی استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو دہشت گرد تنظیمیں بھرتیوں، فنڈز کی فراہمی اور معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات اور ڈیپ فیکس ٹیکنالوجی قومی سلامتی اور سماجی ہم آہنگی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں، جس سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت نے سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لا دیا ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل جرائم کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے مقامی قوانین کا احترام کریں اور شکایات کے ازالے کے لیے ایک شفاف اور فعال نظام وضع کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے کو ہر صورت روکا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں