1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): وزیراعظم کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ٹیکس بے ضابطگیوں پر بلاامتیاز کارروائی کی سخت ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاؤسز میں اربوں روپے کی ٹیکس بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آڈٹ کے دوران 24 ارب 40 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری پکڑی گئی ہے، جس کی ریکوری کا عمل قانونی تقاضوں کے مطابق شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ان بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی مکمل وصولی یقینی بنانے کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔

اجلاس میں ٹیکس وصولی کو شفاف بنانے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر اتفاق کیا گیا۔ اس ضمن میں ایک جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے کارگو کی لوڈنگ سے ڈیلیوری تک کے تمام مراحل ڈیجیٹل نظام سے منسلک ہوں گے۔ اس نظام کے مؤثر نفاذ کے لیے صوبائی نمائندگی پر مشتمل ایک اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی، جس کا مقصد سیلز ٹیکس میں بہتری لانا اور غیر قانونی تجارت کا خاتمہ کرنا ہے۔

مزید برآں، وزیراعظم نے ہوائی اڈوں پر مسافروں کے سامان کی اسمارٹ اسکیننگ کا نظام جلد فعال کرنے اور کسٹم کلیئرنس کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ انڈس کلکٹریٹ نے دریائے سندھ کے پلوں پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ارب 84 کروڑ روپے سے زائد کی غیر قانونی اشیاء ضبط کی ہیں۔ اس کے علاوہ، ایف بی آر کے ان افسران کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جو فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس استثنیٰ کی آڑ میں غیر مجاز سرٹیفکیٹس جاری کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں