وفاقی وزیر مملکت طلال چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں 17 سالہ حکمرانی نے عوام کا خون نچوڑ کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو کی آئینی اور سیاسی کارکردگی کو ‘صفر’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔
طلال چوہدری نے اپنے بیان میں سوال اٹھایا کہ اگر حضرت عمر فاروقؓ کے دورِ حکومت پر سوال اٹھایا جا سکتا ہے تو مولانا فضل الرحمٰن یا دیگر سیاسی رہنماؤں پر کیوں نہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو اپنی کارکردگی کا جواب دینا ہوگا، کیونکہ سندھ کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور صوبے کی ترقی کے دعوے محض کاغذی ثابت ہوئے ہیں۔
وزیر مملکت نے زور دیا کہ سیاست میں دوہرا معیار نہیں چل سکتا اور آئین کی پاسداری ہر سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جماعت کی طویل حکمرانی کے ثمرات عوام تک پہنچانے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں، جس کا خمیازہ سندھ کے عوام بھگت رہے ہیں۔










