1

کوئٹہ (گدروشیا پوائنٹ): سینڈ پیپر اسکینڈل میں نیا موڑ، کیمرون بینکرافٹ نے کوچز کے ملوث ہونے کا انکشاف کر دیا

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر کیمرون بینکرافٹ نے 2018 کے بدنام زمانہ ‘سینڈ پیپر گیٹ’ اسکینڈل کے حوالے سے ایک بار پھر سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ بینکرافٹ کا کہنا ہے کہ بال ٹیمپرنگ کے اس واقعے سے نہ صرف کھلاڑی بلکہ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف بھی مکمل طور پر آگاہ تھا، جس نے کرکٹ کی دنیا میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

بینکرافٹ نے پیٹ کمنز کی حالیہ پریس کانفرنس پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، جس میں کمنز نے بال ٹیمپرنگ میں بولرز کے ملوث ہونے کے تاثر کو مسترد کیا تھا۔ بینکرافٹ کا موقف ہے کہ اس واقعے کی حقیقت اس سے کہیں زیادہ گہری ہے جتنا کہ اب تک عوام کے سامنے لایا گیا ہے، اور اس میں ذمہ داری کا دائرہ کار صرف کھلاڑیوں تک محدود نہیں تھا۔

یاد رہے کہ 2018 میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران گیند کو خراب کرنے کے لیے ریگمال (سینڈ پیپر) کا استعمال کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر طویل پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ اس تازہ بیان کے بعد کرکٹ آسٹریلیا پر ایک بار پھر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات کرے تاکہ حقائق کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں