1

برازیل: ایمازون کے جنگلات میں دہائیوں سے الگ تھلگ رہنے والا قبیلہ اچانک آبادی کے قریب نمودار

برازیل کے ایمازون جنگلات میں بیرونی دنیا سے مکمل طور پر کٹے ہوئے ‘آوا’ قبیلے کے تقریباً 20 افراد اچانک ایک سرکاری چوکی اور مقامی آبادی کے قریب دیکھے گئے ہیں۔ اس غیر متوقع پیش رفت نے انسانی حقوق کے کارکنوں اور حکام میں قبیلے کی صحت اور تحفظ کے حوالے سے شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق، آوا قبیلے کے یہ افراد کئی دہائیوں سے جنگل میں شکار اور ماہی گیری کے ذریعے اپنی روایتی زندگی گزار رہے تھے اور ان کا بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں تھا۔

مقامی گواخاجارا قبیلے کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں آوا قبیلے کے مرد، خواتین اور بچوں کو روایتی لباس اور تیر و کمان کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ حقوقِ مقامی آبادی کے لیے کام کرنے والی تنظیم ‘سروائیول انٹرنیشنل’ کے مطابق، قبیلے کے افراد نے سرکاری ٹیم سے خوراک (شکرقندی) کا مطالبہ کیا، جو انہیں فراہم کر دی گئی، جس کے بعد وہ واپس جنگل کی گہرائیوں میں چلے گئے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ اس قبیلے کا آبادی کے قریب آنا ان کے قدرتی مسکن میں غیر قانونی درختوں کی کٹائی اور انسانی مداخلت کا نتیجہ ہو سکتا ہے، جس سے ان کی بقا کو خطرات لاحق ہیں۔ سروائیول برازیل کی سربراہ سارہ شینکر نے اس واقعے کو حکام کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت آوا قبیلے کے علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات اٹھائے تاکہ ان کے وجود کو محفوظ بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں