1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): سمندری کیبل میں خرابی سے پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروسز شدید متاثر ہونے کا خدشہ

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کے انٹرنیٹ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے ساحل کے قریب سمندر میں موجود بین الاقوامی سب میرین کیبل ‘ایس ایم ڈبلیو فائیو’ (SMW-5) میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ خرابی پاکستانی ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر کے فاصلے پر رپورٹ ہوئی ہے، جس کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے اور کنیکٹیویٹی کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے اور تکنیکی ٹیمیں خرابی کی نوعیت کا تعین کرنے اور اسے جلد از جلد دور کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ کیبل کی بحالی کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ صارفین کو درپیش مشکلات کا جلد خاتمہ کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ سب میرین کیبلز میں خرابی کے باعث ماضی میں بھی پاکستان میں انٹرنیٹ کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوتا رہا ہے، جس سے نہ صرف عام صارفین بلکہ کاروباری اور تعلیمی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوتی ہیں۔ فی الحال پی ٹی اے کی جانب سے سروس کی مکمل بحالی کے لیے کسی حتمی وقت کا تعین نہیں کیا گیا ہے، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں