ایران کے شہر قم میں حکام نے معروف گلوکارہ پرستو احمدی اور ان کی پروڈکشن ٹیم کے چار ارکان کو لازمی حجاب کے بغیر پرفارمنس کرنے کے جرم میں 74، 74 کوڑوں کی سزا دی ہے۔ یہ کارروائی دسمبر 2024 میں منعقدہ ایک کنسرٹ کے تناظر میں کی گئی، جس میں گلوکارہ نے بغیر آستینوں کا لباس زیب تن کیا تھا۔ ایرانی قوانین کے تحت خواتین کے لیے عوامی مقامات پر سر ڈھانپنا اور مخصوص لباس پہننا لازمی ہے، جبکہ خواتین کی عوامی پرفارمنس پر بھی سخت پابندیاں عائد ہیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق، پرستو احمدی کے علاوہ سہیل فقیہ نصیری، امین طاہری، امیر علی پیرنیا اور محسن لشکری کو بھی سزا کا سامنا کرنا پڑا۔ جون 2024 میں قم کی ایک فوجداری عدالت نے انہیں ‘فحش اور غیر اخلاقی مواد’ کے ذریعے عوامی شائستگی مجروح کرنے کا مجرم قرار دیا تھا۔ سزا کے طور پر کوڑے مارنے کے علاوہ، عدالت نے ان پر دو سال کے لیے کسی بھی قسم کی آڈیو ویڈیو سرگرمیوں میں حصہ لینے اور ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔
اس سزا پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور فنکاروں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور اظہار رائے کی آزادی کو دبانے کی ایک کوشش ہے۔ سینٹر فار ہیومن رائٹس ان ایران سمیت دیگر عالمی اداروں نے اسے غیر انسانی اور تذلیل آمیز قرار دیتے ہوئے ایرانی حکام کے اس طرزِ عمل کی مذمت کی ہے۔










