سوات اور اس کے مضافاتی علاقوں میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.5 ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس کا مرکز زیرِ زمین گہرائی میں واقع تھا۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی مقامی آبادی کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئی اور کھلے مقامات پر پناہ لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم مقامی انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
زلزلہ پیما مرکز نے مزید بتایا کہ زلزلے کی لہریں کافی دیر تک محسوس کی گئیں جس کی وجہ سے شہریوں میں تشویش پائی گئی۔ ماہرین ارضیات کے مطابق پاکستان کا شمالی علاقہ زلزلے کے اعتبار سے حساس زون میں آتا ہے، جہاں وقتاً فوقتاً اس طرح کی ارضیاتی سرگرمیاں معمول کا حصہ ہیں۔










