1

کراچی (گدروشیا پوائنٹ): ملیر جیل میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے 5 کروڑ کے منصوبے میں کرپشن کا انکشاف

کراچی کی ملیر جیل میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لیے مختص کیے گئے 5 کروڑ روپے کے منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق، منصوبے میں نصب کیے گئے کیمروں اور متعلقہ آلات کی اصل مالیت 20 سے 25 لاکھ روپے کے درمیان ہے، جو ظاہر کردہ لاگت کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ اس سنگین معاملے کی تحقیقات کے لیے ملیر جیل کے سابق سپرنٹنڈنٹ نے اینٹی کرپشن سندھ کو باقاعدہ درخواست جمع کرا دی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، جس کی شفاف تحقیقات ناگزیر ہے۔ سابق سپرنٹنڈنٹ نے اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کے ٹینڈر، کمپنیوں کی کوٹیشنز، خریداری کے عمل اور ادائیگیوں کے ریکارڈ کا فرانزک آڈٹ کیا جائے۔ درخواست میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات اسلم ملک، موجودہ سپرنٹنڈنٹ فہیم میمن، سابق سپرنٹنڈنٹ غلام مرتضیٰ آفریدی، آئی ٹی انچارج بلال تمبر اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس نبی داد و عبدالروف کے کردار کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تاحال ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی نامزد افسران کا موقف سامنے آیا ہے۔ اینٹی کرپشن سندھ کی جانب سے بھی تاحال کسی باضابطہ تحقیقاتی کارروائی کا آغاز نہیں کیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر مالی بے ضابطگیاں ثابت ہوتی ہیں تو ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں