مانسہرہ کے ضلع تورغر میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں مسافروں سے بھری گاڑی بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 7 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
حادثہ تورغر کے علاقے شاتل سیرے کنڈو کے مقام پر پیش آیا۔ مقامی ذرائع اور ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی اور کھائی میں جا گری۔ اطلاع ملتے ہی بٹگرام سے ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور طبی عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ واقعے کے مزید محرکات کا تعین کیا جا سکے۔










