متحدہ عرب امارات کی حکومت نے عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور دفتری امور کو تیز تر کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ایک جدید ڈیجیٹل معاون ’میرا‘ متعارف کرایا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں، رہائشیوں اور سیاحوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر تمام سرکاری سہولیات فراہم کرنا ہے، جس سے پیچیدہ دفتری کارروائیوں اور وقت کے ضیاع میں نمایاں کمی آئے گی۔
دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کے مطابق، ’میرا‘ کو مارچ 2027 میں باقاعدہ طور پر لانچ کیا جائے گا، جبکہ سال کے اختتام تک اسے تمام سرکاری محکموں کے لیے فعال کر دیا جائے گا۔ یہ نظام موبائل فون کے ذریعے ہر خاص و عام کی رسائی میں ہوگا، جس سے مختلف محکموں کے چکر لگانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے والدین اپنے بچوں کی تعلیمی کارکردگی جان سکیں گے، مریض طبی معائنوں کی تفصیلات حاصل کر سکیں گے، جبکہ سرمایہ کاروں اور عام شہریوں کو پاسپورٹ، شناختی کارڈ کی تجدید اور ملازمت سے متعلق امور میں فوری مدد ملے گی۔ حکومت کا عزم ہے کہ اس ڈیجیٹل انقلاب کے ذریعے دنیا کی بہترین اور تیز ترین سرکاری خدمات فراہم کی جائیں۔










