1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): وفاقی وزراء میں لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی، خواجہ آصف رانا ثناء اللہ کے دفاع میں میدان میں آ گئے

وفاقی کابینہ کے ارکان کے درمیان جاری بیان بازی اور لفظی جنگ میں شدت آ گئی ہے۔ وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے رانا ثناء اللہ کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ایک مستند اور قابلِ احترام سیاسی کارکن قرار دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے ماضی میں پرویز مشرف اور پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں شدید مشکلات اور سختیوں کا سامنا کیا، لیکن ان کا سیاسی عزم کبھی متزلزل نہیں ہوا۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کی سیاسی بصیرت، وفاداری اور ثابت قدمی مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ ہے اور ان جیسے نظریاتی کارکن کسی بھی جماعت کے لیے سرمایہ ہوتے ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں اور انہیں اپنا مؤقف بیان کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

واضح رہے کہ یہ کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب وزیر داخلہ محسن نقوی نے کسی کا نام لیے بغیر تنقید کی تھی کہ ایک وزیر روزانہ ٹی وی پر آ کر ان پر تبصرے کر رہے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے اس کے جواب میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ پارلیمنٹ میں زیرِ بحث لانے کا عندیہ دیا تھا، جس کے بعد حکومتی صفوں میں جاری یہ بیان بازی سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں