گوادر (گدروشیا پوائنٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچ گئے ہیں۔ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزراء ظہور بلیدی، میر سلیم کھوسہ، میر ضیاء اللہ لانگو، چیف سیکریٹری بلوچستان، کمشنر مکران ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ بھی موجود ہیں۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان ضلع گوادر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں صحت، تعلیم، آبنوشی، آبپاشی، بجلی اور مواصلات کے شعبوں میں جاری کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات زاہد سلیم کی سربراہی میں سات اہم محکموں کے سیکریٹریز پر مشتمل وفد پہلے ہی گوادر میں موجود ہے، جو ترقیاتی امور پر بریفنگ دے گا۔ یہ دورہ گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور محکموں کے مابین مؤثر رابطہ کاری کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔










