وفاقی حکومت نے ملکی معیشت کی بحالی اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے تحت بجلی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں حکومتی سطح پر دو مختلف ماڈلز متعارف کرانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کا مقصد نجی شعبے کی شمولیت سے بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانا اور نقصانات میں کمی لانا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو نجکاری کے عمل کیلئے پیش کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق ان کمپنیوں کی کارکردگی کو جانچنے کے بعد دیگر کمپنیوں کو بھی مرحلہ وار نجکاری کے عمل میں شامل کیا جائے گا تاکہ توانائی کے شعبے میں جاری گردشی قرضوں کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نجکاری کا یہ اقدام جہاں ایک جانب سرکاری خزانے پر بوجھ کم کرے گا، وہیں صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم، اس عمل کے دوران ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور بجلی کے نرخوں میں توازن برقرار رکھنا حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔










