1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 5.3 شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس

خیبر پختونخوا کے وسیع علاقوں میں گزشتہ رات زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کا کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا اور زیر زمین گہرائی 84 کلومیٹر تھی۔

زلزلے کے جھٹکے رات 10 بج کر 49 منٹ پر پشاور، سوات، مالاکنڈ، صوابی، شبقدر، چترال، لوئر و اپر دیر، باجوڑ، مردان، شانگلہ، بونیر، لنڈی کوتل اور جمرود سمیت گردونواح کے علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ جھٹکوں کے دوران شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کھلی جگہوں پر پناہ لی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق کوہ ہندوکش کا خطہ ارضیاتی پلیٹوں کی حرکت کے باعث زلزلوں کے حوالے سے انتہائی حساس اور سرگرم رہتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں