سندھ حکومت نے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 18 کے پانچ افسران کی بلوچستان منتقلی کے وفاقی احکامات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر واپس لینے کی درخواست کی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان افسران کی منتقلی سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مشاورت نہیں کی گئی، جو کہ مروجہ قواعد و ضوابط کی صریح خلاف ورزی ہے۔
خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ سندھ میں پہلے ہی ایس ایس پی رینک کی 41 آسامیاں خالی پڑی ہیں، اور ان پانچ افسران کی منتقلی سے یہ تعداد 46 تک پہنچ جائے گی، جس سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں مشکلات پیش آئیں گی۔ بلوچستان تبادلہ کیے جانے والے افسران میں ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ، ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق، ایس ایس پی سکھر احمد فیصل چوہدری، ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم اور ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب جاوید شامل ہیں۔
صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ افسران کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں سے ریلیو نہ کیا جائے اور تبادلوں کا نوٹیفکیشن منسوخ کیا جائے۔ مزید برآں، سندھ حکومت نے یہ مطالبہ بھی دہرایا ہے کہ مستقبل میں بین الصوبائی سطح پر پولیس افسران کے تبادلوں کے فیصلے وزیراعلیٰ سندھ کی مشاورت اور باہمی رضامندی سے کیے جائیں تاکہ انتظامی امور میں تعطل پیدا نہ ہو۔










