ملک بھر میں جاری شدید دھند کے پیشِ نظر موٹروے پولیس نے ٹریفک کی روانی کو محفوظ بنانے اور حادثات سے بچاؤ کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث شاہراہ پر سفر کرنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان نے شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر کرنا ناگزیر ہو تو صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان کا وقت منتخب کریں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دھند کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں۔
ترجمان نے مسافروں کو سفر سے قبل ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر کے روڈ کی صورتحال جاننے کا مشورہ دیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حدِ نگاہ میں بہتری آئے گی، موٹروے کو دوبارہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دورانِ سفر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔










