ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تہران میں ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خطے میں سلامتی کی بحالی مکمل طور پر امریکا کی جانب سے اپنے وعدوں کی پاسداری اور ایران کی جائز شرائط تسلیم کرنے سے مشروط ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران اپنے حقوق کے تحفظ اور طے شدہ مفاہمت پر قائم رہنے کے معاملے میں کسی بھی قسم کی پسپائی اختیار نہیں کرے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کی شرائط میں غیر منصفانہ پابندیوں کا خاتمہ، بحری ناکہ بندی کا خاتمہ اور 18 جون کو طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر مکمل عمل درآمد شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مطالبات نئے نہیں بلکہ ایرانی عوام کے مسلمہ حقوق کا حصہ ہیں۔ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی یہ بیان دے چکے ہیں کہ امریکا کے وعدے پورے ہونے کی صورت میں ایران آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنے کے لیے تیار ہے۔
جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے حوالے سے اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران تاحال اس کا رکن ہے اور اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔ تاہم، دوسری جانب ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے انکشاف کیا ہے کہ این پی ٹی سے علیحدگی کا منصوبہ تیار ہے اور حتمی فیصلہ ہوتے ہی اس پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔










