2

سوات (گدروشیا پوائنٹ) سوات پریمیئر لیگ میں چلتی موٹر سائیکل پر نوجوان کا ناقابل یقین کیچ، عالمی سطح پر خوب پذیرائی

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں جاری سوات پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران ایک ایسا ناقابل یقین واقعہ پیش آیا جس نے کرکٹ شائقین اور سوشل میڈیا صارفین کو دنگ کر دیا۔ اسٹیڈیم کے قریب سڑک سے گزرنے والے ایک نوجوان نے، جو اس وقت چلتی موٹر سائیکل پر سوار تھا، باؤنڈری سے باہر آنے والی گیند کو انتہائی مہارت کے ساتھ ایک ہاتھ سے پکڑ کر سب کو حیران کر دیا۔

اس حیرت انگیز کیچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا اور کرکٹ کی دنیا سے وابستہ معروف شخصیات نے بھی اس کیچ کو کرکٹ کی تاریخ کے منفرد اور بہترین کیچز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے نوجوان کی حاضر دماغی اور مہارت کی بھرپور تعریف کی ہے۔

وائرل ویڈیو میں نظر آنے والے نوجوان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ اپنے دفتر سے گھر جا رہا تھا کہ اچانک چھکے پر آنے والی گیند اس کی طرف آئی اور اس نے اضطراری طور پر ایک ہاتھ سے اسے تھام لیا۔ اس واقعے نے سوات پریمیئر لیگ کو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے اور مقامی کرکٹ کے جنون کو ایک نئی پہچان عطا کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں