1

ممبئی (گدروشیا پوائنٹ): بالی وڈ اسٹار سلمان خان کے ہاتھ پر پراسرار نشانات، مداحوں میں تشویش کی لہر

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی ایک حالیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ ویڈیو میں اداکار کے دائیں ہاتھ پر نیل اور نشانات واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جنہیں دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کی صحت کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ ناقدین کا ماننا ہے کہ یہ نشانات ممکنہ طور پر ڈرپ لگنے کے بعد بننے والے نشانات سے مشابہت رکھتے ہیں۔

سیاہ لباس میں ملبوس 60 سالہ اداکار اس موقع پر بظاہر پرسکون اور تروتازہ دکھائی دے رہے تھے، تاہم ان کے ہاتھ پر موجود ان نشانات نے فوٹوگرافروں اور مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔ تاحال سلمان خان یا ان کی انتظامیہ کی جانب سے ان نشانات کی نوعیت یا اداکار کی صحت کے حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے، جس کے باعث غیر یقینی کی صورتحال برقرار ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سلمان خان کی صحت موضوعِ بحث بنی ہو۔ اس سے قبل بھی جولائی میں ان کی سوشل میڈیا پوسٹس اور بعد ازاں ریئلٹی شو ‘بگ باس’ میں ان کی ظاہری حالت پر مداحوں نے سوالات اٹھائے تھے۔ ستمبر 2025 میں اداکار نے خود بھی کچھ طبی مسائل کا سامنا کرنے کا عندیہ دیا تھا، جس کے بعد سے ان کے چاہنے والے ان کی خیریت کے حوالے سے فکرمند رہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں