اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ماضی میں ہونے والے دو ریفرنڈم آمریت کے ادوار میں کرائے گئے تھے، تاہم اگر مستقبل میں ریفرنڈم کا انعقاد ہوتا ہے تو وہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہی ممکن ہوگا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ آئین میں ریفرنڈم کی شق موجود ہے، لیکن اس پر کھل کر بحث کے لیے پارلیمنٹ ہی واحد موزوں اور آئینی فورم ہے۔
ملک احمد خان نے مزید کہا کہ ریاست اور عوام کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کو ختم کرنے کے لیے وسائل کی منصفانہ تقسیم ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ماضی میں آئین کا غلط استعمال ہوا ہے تو ان تمام تضادات کو آئینی طریقے سے ختم کیا جانا چاہیے تاکہ جمہوری عمل کو مضبوط بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں چوہدری منظور اور ندیم افضل چن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں ترمیم کا اختیار صرف قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پاس ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ریفرنڈم کے ذریعے آئینی طریقہ کار کو نظر انداز کرنے سے 58 ٹو بی جیسی شقوں کی بحالی کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔










