3

وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن کیچ کا سرکاری اسکولوں میں چوری کی بڑھتی وارداتوں پر اظہارِ تشویش

تربت(گدروشیا پوائنٹ)وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان ضلع کیچ کے صدر مفتی سعید احمد بلوچ، سیکرٹری جنرل صالح بلوچ، چیف آرگنائزر میر اللہ بخش، نائب صدر جلیل گچکی، چیئرمین مشاورتی کونسل منیر احمد دشتی آفس سیکرٹری انور اقبال ضلعی سینئر رہنما حاصل ولی اور دیگر ضلعی و تحصیل رہنماؤں نے ضلع کیچ کے سرکاری تعلیمی اداروں میں چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری اسکولوں کے تحفظ تعلیمی اثاثوں کی حفاظت اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے فوری سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کیے جائیں انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ گزشتہ دو سے تین ہفتوں کے دوران ضلع کیچ کے متعدد سرکاری اسکولوں میں رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چوری کی وارداتیں رونما ہوئی ہیں جن میں ہائی اسکول میری ہائی اسکول کوشقلات، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول گلشن آباد تربت اور گورنمنٹ مڈل اسکول ڈھنُک قابلِ ذکر ہیں نامعلوم چوروں نے رات کے اوقات میں اسکولوں کے تالے توڑ کر وہاں موجود قیمتی سامان اور تعلیمی ضروریات کی اشیاء چوری کر لی ہیں جس سے نہ صرف سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے بلکہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور تدریسی سرگرمیوں بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے رہنماؤں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں چوری کی ان مسلسل وارداتوں کی ایک بنیادی وجہ رات کے وقت اسکولوں کی حفاظت اور نگرانی کے لیے چوکیداروں کی عدم تعیناتی ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ بیشتر سرکاری اسکولوں میں چوکیداروں کی منظور شدہ آسامیاں موجود نہ ہونے کے باعث رات کے اوقات میں تعلیمی ادارے مکمل طور پر غیر محفوظ رہتے ہیں اس انتظامی خلا اور حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی سے جرائم پیشہ عناصر کو سرکاری تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کا موقع مل رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اسکول محض عمارتیں نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کی تعمیر نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور اجتماعی قومی سرمایہ کی حفاظت کے اہم مراکز ہیں۔ ان اداروں میں موجود فرنیچر کمپیوٹرز سائنسی آلات تدریسی سامان اور دیگر سرکاری اثاثے عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والے وسائل سے فراہم کیے جاتے ہیں ان کی چوری درحقیقت قومی و عوامی اثاثوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا
وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ ان وارداتوں کی مستقل روک تھام کا مؤثر اور دیرپا حل یہ ہے کہ ضلع کیچ کے تمام سرکاری اسکولوں کے لیے چوکیداروں کی مستقل آسامیاں منظور کی جائیں اور ترجیحی بنیادوں پر ہر اسکول میں چوکیداروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ رات کے اوقات میں اسکولوں کی حفاظت نگرانی اور دیکھ بھال کا باقاعدہ انتظام ممکن ہو سکے انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے متعلقہ حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ رات کے اوقات میں سرکاری اسکولوں اور ان کے گردونواح میں پولیس گشت بڑھائی جائے حساس اور دور دراز علاقوں میں واقع تعلیمی اداروں کی خصوصی نگرانی کی جائے اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی حکمت عملی مرتب کی جائے رہنماؤں نے مزید مطالبہ کیا کہ جن سرکاری اسکولوں میں چوری کی وارداتیں رونما ہو چکی ہیں، ان واقعات کی غیر جانب دارانہ اور جامع تحقیقات کی جائیں جدید تفتیشی اور سراغ رسانی کے طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کی فوری نشاندہی اور گرفتاری عمل میں لائی جائے اور چوری شدہ سرکاری سامان برآمد کرکے متعلقہ تعلیمی اداروں کے حوالے کیا جائے تاکہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے
آخر میں وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان ضلع کیچ کے رہنماؤں نے محکمہ تعلیم ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام پر زور دیا کہ اس اہم اور حساس معاملے کو محض چند انفرادی چوریوں کا واقعہ سمجھ کر نظرانداز نہ کیا جائے بلکہ اسے سرکاری تعلیمی اداروں کے تحفظ اور تعلیمی نظام کی بقا کا مسئلہ سمجھتے ہوئے فوری عملی اقدامات کیے جائیں انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور تعلیمی اداروں کی حفاظت حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے جس سے کسی صورت غفلت یا چشم پوشی قابل قبول نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں