1

کراچی (گدروشیا پوائنٹ): کتے کے کاٹنے سے متاثرہ 5 سالہ بچی تین ماہ بعد ریبیز کے باعث جاں بحق

کراچی کے ایک نجی چیریٹی اسپتال میں زیرِ علاج پانچ سالہ بچی جان لیوا مرض ‘ریبیز’ کے باعث انتقال کر گئی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچی کو تین ماہ قبل کتے نے چہرے پر کاٹا تھا، جس کے بعد اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ترجمان چیریٹی اسپتال نے تصدیق کی ہے کہ بچی طویل عرصے سے ریبیز کے مہلک وائرس سے نبردآزما تھی، تاہم تمام تر طبی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکی۔ ماہرینِ صحت کے مطابق ریبیز ایک ایسا وائرس ہے جو متاثرہ جانور کے کاٹنے سے پھیلتا ہے اور بروقت ویکسینیشن نہ ہونے کی صورت میں یہ مرض جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔

شہرِ قائد میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کے کاٹنے کے واقعات میں اضافے پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ سماجی حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ریبیز کے تدارک کے لیے ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں