سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ انٹرنیٹ صارفین کو نشانہ بنانے کے لیے ایک نئے اور خطرناک فراڈ کا آغاز ہوا ہے، جس میں ‘جعلی انسانی تصدیق’ (Fake Human Verification) کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ اس طریقہ کار میں صارفین کو مختلف ویب سائٹس پر ایک پاپ اپ ونڈو دکھائی جاتی ہے جو انہیں یہ یقین دلاتی ہے کہ وہ روبوٹ نہیں ہیں، اور تصدیق کے لیے ایک مخصوص بٹن دبانے کا کہا جاتا ہے۔
تحقیقات کے مطابق، جیسے ہی صارف اس بٹن پر کلک کرتا ہے، سسٹم میں خودکار طور پر میل ویئر (Malware) انسٹال ہو جاتا ہے۔ یہ وائرس نہ صرف کمپیوٹر کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے بلکہ صارف کی حساس معلومات، پاس ورڈز اور مالیاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کر کے اسے ہیکرز تک پہنچانے کا باعث بنتا ہے۔ یہ فراڈ خاص طور پر ان صارفین کے لیے خطرہ ہے جو غیر تصدیق شدہ ویب سائٹس یا پائریٹڈ سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرنے کے عادی ہیں۔
سائبر ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی ویب سائٹ پر ‘آئی ایم ناٹ اے روبوٹ’ (I am not a robot) کے بٹن پر کلک کرنے سے قبل محتاط رہیں۔ اگر کوئی ونڈو غیر معمولی طور پر فائل ڈاؤن لوڈ کرنے کا مطالبہ کرے تو اسے فوری طور پر بند کر دیں۔ اپنے کمپیوٹر میں مستند اینٹی وائرس سافٹ ویئر کا استعمال یقینی بنائیں اور کسی بھی مشکوک لنک پر کلک کرنے سے گریز کریں تاکہ ڈیجیٹل اثاثوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔










