1

گوادر (گدروشیا پوائنٹ) مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی عروج پر، امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز خطے میں پہنچ گیا

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگی خطرات کے پیشِ نظر امریکا نے اپنی عسکری طاقت میں مزید اضافہ کرتے ہوئے تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز خطے میں تعینات کر دیا ہے۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے ‘یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ’ کی بحیرہ عرب اور مشرقِ وسطیٰ کے سمندری حدود میں آمد کی تصدیق کر دی ہے، جس سے خطے میں جاری کشیدگی میں ایک نئی شدت پیدا ہو گئی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے اس پیش رفت کو خطے میں اپنے اتحادیوں کے تحفظ اور ممکنہ جارحیت کو روکنے کے لیے ایک تزویراتی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ طیارہ بردار جہازوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ واشنگٹن خطے میں کسی بھی بڑی عسکری کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جس سے خلیجی ممالک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکا اپنے دو طیارہ بردار جہاز خطے میں تعینات کر چکا ہے، جن کا مقصد ایران اور خطے کی دیگر عسکری قوتوں پر دباؤ برقرار رکھنا ہے۔ عالمی برادری نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ خطے کو ایک بڑی جنگ سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں