مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال نے پاکستان کی زرعی برآمدات پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق رواں سیزن کے دوران پاکستانی آم کی برآمدات میں 36 فیصد کی بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں برآمدی ہدف کا حصول ممکن نہیں ہو سکا۔
رپورٹ کے مطابق آم کی برآمدات 78 ہزار ٹن تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔ برآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ خاص طور پر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی منڈیوں میں ترسیل شدید متاثر ہوئی ہے، جس کی بنیادی وجہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور لاجسٹک مسائل ہیں۔
ماہرینِ معاشیات کے مطابق آم کی برآمدات میں اس کمی سے نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر پر منفی اثر پڑے گا بلکہ کاشتکاروں اور برآمد کنندگان کو بھی بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔ حکومتی سطح پر متبادل منڈیوں کی تلاش اور برآمدی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔










