1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): پی ایس ایل کے 12 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا، محسن نقوی کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اور ایونٹ کا پہلا میچ پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی نے اس فیصلے کو خیبر پختونخوا میں کرکٹ کی بحالی کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔

محسن نقوی نے مزید بتایا کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں پشاور میں ایک خصوصی ٹی 20 ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس میں قومی کرکٹ ٹیم کی سینئر ٹیم، پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد صوبے میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کو نکھارنا اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا کہ پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا پرانا نام بحال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی پیکج کے تحت صوبے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے بھرپور کام کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں خیبر پختونخوا میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں