بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے حوالے سے سخت موقف اپناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر وہ بھارت سے واپس آتی ہیں تو انہیں فوری طور پر گرفتار کر لیا جائے گا۔ بنگلہ دیش کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور شمع عبید اسلام نے ایک انٹرویو میں کہا کہ حکومت قانون کی بالادستی پر کاربند ہے اور شیخ حسینہ واجد کے بنگلہ دیش میں داخل ہوتے ہی قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
شیخ حسینہ واجد اگست 2024 میں عوامی احتجاج کے نتیجے میں اقتدار سے علیحدگی کے بعد سے بھارت میں مقیم ہیں۔ بنگلہ دیشی حکومت نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حوالگی کے معاہدے کا احترام کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کو واپس بھیجے تاکہ ان کے خلاف جاری قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔ واضح رہے کہ عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے اور شیخ حسینہ واجد کو ملک میں سزائے موت بھی سنائی جا چکی ہے۔
دوسری جانب، شیخ حسینہ واجد کی ممکنہ واپسی کی خبروں کے بعد بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور ان کی جماعت عوامی لیگ کے حامیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 کی شورش کے دوران تقریباً 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ حکومت نے شیخ حسینہ کی جانب سے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حصول کی درخواستیں بھی مسترد کر دی ہیں۔










