سندھ کی سرکاری جامعات ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی ساکھ برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہیں۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں سندھ کی کوئی بھی سرکاری یونیورسٹی ابتدائی ایک ہزار بہترین تعلیمی اداروں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکی، جو صوبے میں تعلیمی زوال کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، صوبائی حکومت کی جانب سے ان جامعات کو ہر سال اربوں روپے کی خطیر گرانٹ فراہم کی جاتی ہے، تاہم تحقیق، معیارِ تعلیم اور عالمی معیارات پر پورا اترنے میں یہ ادارے مسلسل تنزلی کا شکار ہیں۔ ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ فنڈز کا درست استعمال نہ ہونا اور انتظامی امور میں سیاسی مداخلت ان جامعات کے تعلیمی معیار کو تباہ کرنے کی بنیادی وجوہات ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی درجہ بندی میں مسلسل تنزلی سے نہ صرف ان جامعات کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے بلکہ فارغ التحصیل طلبہ کے لیے بین الاقوامی سطح پر روزگار اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع بھی محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ تعلیمی حلقوں نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جامعات میں اصلاحات لانے کے لیے فوری طور پر ایک جامع پالیسی مرتب کرے تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔










