3

کراچی (گدروشیا پوائنٹ): سندھ حکومت اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر ڈالتی ہے، جسٹس سلیم جیسر کی سخت برہمی

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سلیم جیسر نے سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سندھ حکومت میں شفافیت کا فقدان ہے اور حکومتی ادارے اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر ڈالنے کے عادی ہو چکے ہیں۔ عدالت نے کیس میں حکم امتناع میں 4 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔

سماعت کے دوران کے ایم سی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حکم امتناع کے باعث ترقیاتی کام تعطل کا شکار ہیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس پر جسٹس سلیم جیسر نے کہا کہ کام رکنے کے ذمہ دار آپ خود ہیں، عدالت کو بخوبی معلوم ہے کہ سندھ حکومت میں کیا ہو رہا ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ حکومت جس پر مہربان ہو اس پر نوازشات کی بارش کر دیتی ہے، جبکہ دیگر کے لیے کوئی گنجائش نہیں رکھی جاتی، جس سے عدالتوں کا وقت ضائع ہوتا ہے۔

درخواست گزار کمپنی کے وکیل علی حسن نے عدالت کو بتایا کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے باوجود ان کی بولیاں مسترد کی گئیں اور سپرا (SPPRA) کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے استدعا کی کہ ٹینڈرز کی جانچ پڑتال کا عمل شفاف بنیادوں پر ازسرنو شروع کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں