1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): وزیراعظم کا ‘اپنا گھر، اپنا آشیانہ’ پروگرام میں گھروں کی تعداد کی حد ختم کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے ‘اپنا گھر، اپنا آشیانہ’ پروگرام کے تحت غریب عوام کے لیے گھروں کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کے تحت گھروں کی تعداد پر کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضرورت پڑنے پر ایک لاکھ، دو لاکھ یا اس سے زائد گھر بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ بے گھر افراد کو چھت فراہم کی جا سکے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بینکوں کو ہدایت کی کہ وہ قرضوں کی منظوری کے عمل کو تیز کریں اور اس میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت کو ہرگز برداشت نہ کیا جائے۔ انہوں نے اپنے انتخابی حلقے کے ایک دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آج بھی بڑی تعداد میں لوگ بنیادی سہولیات، تعلیم اور روزگار سے محروم ہیں، جو کہ قیامِ پاکستان کے مقاصد کے منافی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاق محدود وسائل کے باوجود صوبوں کے ساتھ مل کر اس عوامی فلاحی منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب اور سندھ سمیت ملک بھر میں جاری ان اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غریب طبقے کو باعزت رہائش فراہم کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں