لاہور: پنجاب اسمبلی نے صوبے بھر کے تھیٹرز میں اخلاقی اقدار کی بحالی اور ناگوار رجحانات کی حوصلہ شکنی کے لیے ایک اہم قانون سازی کرتے ہوئے ‘تھیٹرز ایکٹ’ باضابطہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ اس نئے قانون کا بنیادی مقصد ڈراموں اور اسٹیج شوز کے ماحول کو بہتر بنانا ہے تاکہ وہاں عامتہ الناس اور بالخصوص فیملیز کی باعزت شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکومتی ذرائع اور قانون سازوں کے مطابق، موجودہ دور میں تھیٹر کا ماحول معاشرتی اخلاقیات اور روایات سے کافی حد تک دور ہو چکا تھا، جسے درست کرنا وقت کی اہم ضرورت تھی۔ نئے ایکٹ کے تحت اسٹیج پر کسی بھی قسم کی فحش، بے ہودہ اور اخلاقی حدود سے تجاوز کرنے والی پرفارمنس پر مکمل پابندی ہو گی اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مفصل اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ اس قانون سازی سے تفریحی صنعت میں اصلاحات آئیں گی اور تھیٹرز کو خالصتاً اصلاحی اور معلوماتی تفریح کا گہوارہ بنایا جائے گا تاکہ ناظرین بالخصوص خاندانوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے جہاں سے وہ معاشرتی اصلاح کا کوئی مثبت سبق حاصل کر سکیں۔










