بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اپنے کنسرٹ کے دوران گانوں پر ہونے والی تنقید اور پابندی کے مطالبات پر خاموشی توڑ دی۔ انہوں نے ناقدین کو جواب دینے کے لیے معروف شاعر منیر نیازی کے اشعار کا سہارا لیا اور واضح کیا کہ وہ اشتعال انگیزی کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
گلوکار نے کنسرٹ کے دوران کہا کہ انہیں اکسانے کی کوشش نہ کی جائے، وہ اپنا شو مکمل کر کے چلے جائیں گے۔ انہوں نے اپنی بھارتی شناخت پر اٹھنے والے سوالات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت میں پیدا ہوئے ہیں اور ان کی پوری ٹیم بھی بھارتی ہے۔ دلجیت نے غیر ملکی فنکاروں کے حوالے سے دوہرے معیار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی گلوکاروں کے گانوں پر اعتراض نہیں کیا جاتا، جبکہ بھارتی فنکاروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ چندی گڑھ کے سماجی کارکن ڈاکٹر پنڈت راؤ دھاریناور نے حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ دلجیت کو ان کے مخصوص گانوں، جن میں ‘پٹیالہ پیگ’ اور ‘جٹ فائر کردا’ شامل ہیں، پیش کرنے سے روکا جائے۔ اس تنقید کے باوجود دلجیت دوسانجھ نے اپنے کنسرٹ کو جاری رکھا اور ناقدین کو اپنے مخصوص انداز میں جواب دیا۔










