قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں نورس اٹلانٹک ایئر ویز نے طے شدہ معاہدے کے تحت طیارے فراہم کرنے سے معذرت کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق، نورس اٹلانٹک کی جانب سے طیاروں کی عدم دستیابی کے باعث پی آئی اے کے آپریشنل امور شدید دباؤ کا شکار ہو گئے ہیں، جس سے ایئر لائن کے فضائی شیڈول میں خلل پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے اس صورتحال کے پیش نظر اپنے فلائٹ شیڈول میں ہنگامی بنیادوں پر تبدیلیوں کی تیاری شروع کر دی ہے۔ طیاروں کی کمی کے باعث پروازوں کی منسوخی یا تاخیر کا امکان ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایئر لائن حکام متبادل انتظامات کے لیے کوشاں ہیں تاکہ آپریشنز کو کسی حد تک معمول پر رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے پہلے ہی مالی بحران اور تکنیکی مسائل سے دوچار ہے، اور ایسے میں طیاروں کی فراہمی میں تعطل ایئر لائن کی ساکھ اور کارکردگی پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔ ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت متبادل طیاروں کا انتظام نہ کیا گیا تو پی آئی اے کے بین الاقوامی روٹس پر آپریشنز مزید محدود ہو سکتے ہیں۔










