پنجاب حکومت نے اپنے جدید ترین گلف اسٹریم جی 500 طیارے کے آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال کی ذمہ داری باضابطہ طور پر پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ طیارے کے پیچیدہ تکنیکی نظام کو سنبھالنے میں درپیش مشکلات اور وی آئی پی فلائٹ ونگ کی محدود صلاحیتوں کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق، طیارے کو سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ڈی رجسٹر کر کے پاک فضائیہ کے ٹیل نمبر میں شامل کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طیارے کی ہر وقت دستیابی اور محفوظ پرواز کو یقینی بنانا ہے۔ اس ضمن میں پاک فضائیہ کے تین حاضر سروس پائلٹس کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا ہے جو پنجاب حکومت کے عملے کے ساتھ مل کر فرائض سرانجام دیں گے۔
حکومتِ پنجاب اور پاک فضائیہ کے مابین اس حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی منظوری بھی دی جا چکی ہے، جس میں طیارے کی دیکھ بھال، تکنیکی امور اور مالی انتظامات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر، ایس اینڈ جی اے ڈی کو اس معاہدے پر دستخط کرنے کا اختیار تفویض کر دیا گیا ہے۔










