دنیا کے مصروف ترین فضائی مراکز میں شمار ہونے والے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مستقبل کو نئی جہت دینے کے لیے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کا عظیم الشان منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ 35 ارب ڈالر (تقریباً 128 ارب درہم) کی خطیر رقم سے شروع کیے گئے اس منصوبے پر اس وقت ایک لاکھ سے زائد مزدور دن رات کام کر رہے ہیں، جس کا مقصد دبئی کو عالمی ہوابازی کا سب سے بڑا مرکز بنانا ہے۔
دبئی ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھس کے مطابق، اس منصوبے کے ماسٹر پلان میں پانچ رن وے اور سیکڑوں طیاروں کی پارکنگ کی گنجائش شامل ہے۔ تکمیل کے بعد یہ ایئرپورٹ سالانہ 26 کروڑ مسافروں کو سنبھالنے اور 1 کروڑ 20 لاکھ ٹن سامان کی ترسیل کی صلاحیت رکھے گا۔ تعمیراتی کام کے دوران اب تک 17 ہزار سے زائد کنکریٹ کے ستون نصب کیے جا چکے ہیں اور 4 کروڑ 50 لاکھ مکعب میٹر سے زائد مٹی نکالی جا چکی ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے کو 2032 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے 2026 کے دوران 55 ارب درہم سے زائد کے مزید تعمیراتی معاہدے کرنے کا منصوبہ ہے، جن میں نئے ٹرمینلز اور جدید بورڈنگ گیٹس کی تعمیر شامل ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف دبئی بلکہ خطے کی فضائی نقل و حمل اور معاشی سرگرمیوں میں ایک انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔










