برطانیہ کے ساحل کے قریب شمالی سمندر میں 9 نومبر کو پیش آنے والے ایک تشویشناک واقعے میں 140 مسافر طیاروں کے نیویگیشن سسٹم میں جی پی ایس سگنلز کی مبینہ مداخلت کا انکشاف ہوا ہے۔ فضائی نگرانی کرنے والے ادارے ‘ہیکس برڈ’ کے مطابق، یہ خلل تقریباً 20 منٹ تک جاری رہا جس سے رائن ایئر، ایزی جیٹ اور برٹش ایئرویز سمیت متعدد بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئیں۔ ایک وقت میں 92 طیاروں کے سگنلز میں خرابی ریکارڈ کی گئی، تاہم پائلٹس کی مہارت اور متبادل نیویگیشن نظام کے باعث کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔
ابتدائی تحقیقات اور تکنیکی تجزیے کے مطابق، مشتبہ ریڈیو ٹرانسمیٹر برطانوی ساحل سے تقریباً 190 میل دور سمندر میں موجود تھا، جہاں اس وقت روسی بحری جہازوں کا ایک قافلہ بھی گشت کر رہا تھا۔ اگرچہ فرانس اور نیدرلینڈز کی بحری افواج بھی اس علاقے کی نگرانی کر رہی تھیں، لیکن تاحال دستیاب شواہد سے یہ حتمی طور پر ثابت نہیں ہو سکا کہ سگنلز جام کرنے میں براہِ راست روسی جنگی جہاز ملوث ہے۔
ماہرینِ دفاع نے اس واقعے کو مغربی ممالک کے خلاف ‘الیکٹرانک وارفیئر’ کی ایک ممکنہ کارروائی قرار دیا ہے، جو یورپ کی فضائی سلامتی کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔ نیدرلینڈز کے فضائی ٹریفک حکام نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ پروازوں کو بروقت متبادل رہنمائی فراہم کر دی گئی تھی۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مستقبل میں جی پی ایس کے ساتھ ساتھ فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا تو صورتحال انتہائی سنگین ہو سکتی ہے۔










