پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ‘سندھ یوتھ کارڈ’ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ایک ‘جمہوری ری سیٹ’ ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پارلیمان، عدلیہ اور انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کیے بغیر موجودہ معاشی بحرانوں سے نمٹنا ممکن نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کے اس اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ نوجوانوں کو یوتھ کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ یہ کارڈ ایک بینک کارڈ کی طرح کام کرے گا، جس کے ذریعے نوجوانوں کو موبائل بینکنگ سمیت مالیاتی نظام تک رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار سندھ کے تمام اضلاع تک وسیع کیا جائے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے خبردار کیا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غربت کے پیشِ نظر ملک کو مزید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ باہمی لڑائی ختم کر کے قومی اتحاد پیدا کریں، کیونکہ سیاست دانوں کا آپس میں ٹکراؤ کسی بھی بڑے قومی بحران کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو ختم کر دیتا ہے۔










