1

کراچی (گدروشیا پوائنٹ): پیپلز پارٹی کا ایم کیو ایم سے 6 دسمبر کی ریلی ملتوی کرنے کا مطالبہ

کراچی میں سیاسی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں سے اہم ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کا بنیادی مقصد ایم کیو ایم کی جانب سے 6 دسمبر کو کراچی میں نکالی جانے والی مجوزہ ریلی کو ملتوی کروانا ہے۔

پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت سندھ کے صدر نثار کھوڑو کر رہے ہیں، جس میں سینیٹر وقار مہدی، صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور وزیر بلدیات سید ناصر شاہ شامل ہیں۔ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی سربراہی ڈاکٹر فاروق ستار کر رہے ہیں، جن کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحہٰ احمد بھی موجود ہیں۔

مذاکرات کے دوران پیپلز پارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم پر زور دیا ہے کہ شہر کے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ریلی کو مؤخر کیا جائے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ مذاکرات کے حتمی نتائج کے بعد دونوں فریقین کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں