1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): حرمین شریفین پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا، رانا ثنا اللہ کا دو ٹوک بیان

مشیرِ وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ حرمین شریفین کی مقدس دھرتی پر کسی بھی قسم کا حملہ پاکستان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان عالمِ اسلام کے مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے قومی مؤقف انتہائی دو ٹوک اور غیر متزلزل ہے۔

رانا ثنا اللہ نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دشمن بخوبی جانتا ہے کہ وہ پاکستان کو براہِ راست شکست دینے یا اسے توڑنے کی سکت نہیں رکھتا۔ اسی مایوسی کے عالم میں بھارت افغانستان کی سرزمین اور فتنۃ الخوارج جیسے عناصر کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے اندر عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی ادارے ملک دشمن عناصر کے ان ہتھکنڈوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور ان کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ مشیرِ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی حدود اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے کسی بھی بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گا اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں