امریکی خلائی ادارے ناسا کا خلائی جہاز ‘وائجر 1’ زمین سے ایک نوری دن کی مسافت طے کر کے انسانی تاریخ کا ایک نیا سنگ میل عبور کر گیا ہے۔ یہ کسی بھی انسان ساختہ شے کی جانب سے زمین سے طے کیا گیا اب تک کا سب سے طویل فاصلہ ہے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق، وائجر 1 بدھ کی صبح زمین سے تقریباً 16 ارب میل (26 ارب کلومیٹر) کی دوری پر پہنچ گیا، جہاں ایک نوری دن سے مراد وہ فاصلہ ہے جسے روشنی یا ریڈیو سگنل 24 گھنٹوں میں طے کرتے ہیں۔
ستمبر 1977 میں خلا میں بھیجے گئے اس خلائی جہاز کا اصل مشن مشتری اور زحل کا مطالعہ کرنا تھا جو صرف پانچ سال پر محیط تھا، تاہم اپنی مدتِ کار سے 10 گنا زیادہ عرصے تک فعال رہ کر اس نے سائنس کی دنیا میں ایک مثال قائم کر دی ہے۔ ناسا کے جیٹ پروپلشن لیبارٹری میں وائجر مشن کے منیجر کریم بدرالدین نے اس کامیابی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا کارنامہ ہے جس کی تکرار شاید ہی کبھی ممکن ہو۔
فی الحال وائجر 1 اور اس کا جڑواں جہاز وائجر 2 بین النجمی خلا کا مطالعہ کر رہے ہیں۔ زمین سے ان جہازوں تک سگنل پہنچنے میں 24 گھنٹے اور جواب موصول ہونے میں مزید 24 گھنٹے درکار ہوتے ہیں، یعنی رابطے کا ایک مکمل چکر دو دن پر محیط ہے۔ یونیورسٹی آف آئیووا کے سائنس دان ولیم کرتھ کے مطابق، 49 سال گزرنے کے باوجود ان جہازوں کا مسلسل مفید سائنسی ڈیٹا فراہم کرنا انجینئرز کی انتھک محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔










