4

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کل ہوگی

اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں پر سماعت کل بروز منگل کو ہوگی۔ عدالت عالیہ کے ڈویژن بینچ کی جانب سے کیس کی سماعت کے لیے کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں مذکورہ کیس کو باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور سابق خاتون اول کی جانب سے سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر قانونی دلائل پیش کیے جائیں گے۔ اس کیس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کو چیلنج کیا گیا ہے، جس پر وکلاء کی جانب سے عدالتی کارروائی کو آگے بڑھانے کی استدعا کی جائے گی۔

دوسری جانب، بشریٰ بی بی نے اپنی صحت کے پیشِ نظر علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی ایک متفرق درخواست بھی عدالت میں دائر کر رکھی ہے۔ توقع ہے کہ عدالت کل ہونے والی سماعت کے دوران اس درخواست پر بھی غور کرے گی اور طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق احکامات جاری کر سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں